پنجی،21دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے آج کہا کہ وہ آئندہ گوا اسمبلی انتخابات کے واسطے امیدواروں کی فہرست 10-12جنوری کے درمیان اعلان کرے گی۔کانگریس جنرل سکریٹری دگوجے سنگھ نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ اسکریننگ کمیٹی کی اگلی میٹنگ چار جنوری کو ہوگی،اس کے بعد ہم 10-12جنوری کے درمیان امیدواروں کی فہرست کا اعلان کریں گے۔سنگھ اسکریننگ پینل کے اجلاس کے واسطے گوا آئے ہوئے ہیں۔یہ پینل ریاست کے تمام 40اسمبلی حلقوں کے لئے امیدواروں پر غور کر رہا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ آج کے اجلاس کے دوران امیدواروں پر تفصیل سے بحث ہوئی۔کانگریس ممبر اسمبلی موول گودنہو کے بی جے پی میں شامل ہو جانے اور دیگر ممبر اسمبلی پانڈورگ ماڈکیکر کے کل اس بھگوا ٹیم میں شامل ہونے کی منصوبہ بندی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اس وقت کے وزیر اعلی منوہر پاریکر نے دونوں لیڈران کے خلاف بدعنوانی کے سنگین الزام لگائے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب اس کا کیا ہوا؟ کیا وہ بی جے پی میں شامل ہوکر پاک ہو گئے ہیں؟ بی جے پی اور مودی کہہ رہے تھے کہ ہم نہ کھائیں گے اور نہ ہی کھانے دیں گے،اب کیا ہوا؟۔